ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : انڈر ورلڈ سے روابط  کے الزام میں ایک شخص گرفتار ۔۔۔۔ (منگلورو کی مزید خبریں) 

منگلورو : انڈر ورلڈ سے روابط  کے الزام میں ایک شخص گرفتار ۔۔۔۔ (منگلورو کی مزید خبریں) 

Mon, 01 Nov 2021 12:12:43    S.O. News Service

منگلورو یکم / نومبر (ایس او نیوز) انڈر ورلڈ سے تعلقات کے الزام میں منگلورو پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا جس کا نام پراوین کمار(46 سال) بتایا گیا ہے ۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے  مطابق پراوین کمار موڈبیدری پولیس اسٹیشن کے حدود میں کوٹے باگیلو کا رہنے والا ہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے انڈر ورلڈ کے ساتھ روابط اور اس کے پاس ہلاکت خیز ہتھیار موجود ہونے کی اطلاع ملی تھی ۔ جب پولیس تحقیقات کے لئے اس کے گھر پر گئی تو مبینہ طور پر ملزم نے پولیس کو دیکھ  کر فرار ہونے کی کوشش کی ۔ جب پولیس نے اسے روکنا چاہا تو اس نے مزاحمت کی اور پولیس کو اپنے فرائض انجام دینے سے روکا ۔ مبینہ طور پر ملزم نے ایک پولیس کانسٹیبل کو نقصان بھی پہنچایا ۔ بالآخر پولیس نے اسے حراست میں لینے کے بعد پولیس اسٹیشن میں لا کر معاملہ درج کیا ۔ 

ملزم کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ کئی معاملات میں ملوث ہے اور ایک مدت سے مفرور تھا ۔ پولیس نے اس کو عدالت میں پیش کیا جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ۔


منگلورو : سومیشور کے حدود میں دکھائی دیا چیتا - عوام میں پھیلا خوف و ہراس 

منگلورو یکم / نومبر (ایس او نیوز) سومیشور کے پاس کمپالا میں ایک چیتا گھومتا پھرتا نظر آنے کے بعد عوام کے اندر خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ۔

بتایا جاتا ہے کہ کمپالا کا رہنے والا شیوراج پونوسوامی جب رات 9.30 بجے کے قریب اپنی بیٹی کے گھر کی طرف جا رہا تھا تو مبینہ طور پر اس نے ایک چیتے سڑک کراس کرتے اپنے گھر کے پاس موجود جھاڑیوں میں غائب ہوتے دیکھا ۔شیوراج کا کہنا ہے کہ پہلے تو اس نے اسے ایک جنگلی بلّی سمجھا ، لیکن اس کی لمبی دم اور رنگ دیکھ کر اسے یقین ہوگیا کہ یہ ایک چھوٹا سا چیتا ہے ۔ چونکہ رات میں برسات کے بعد سڑک کے آس پاس پنجوں کے نشان دھندلے ہوگئے ہیں اس لئے کچھ لوگ اسے جنگلی بلّی ہی سمجھ رہے ہیں جبکہ کچھ لوگ اسے چیتا ہی مان رہے  ہیں ۔ 

محکمہ جنگلات کے افسران کا کہنا ہے کہ انہیں اس علاقہ میں چیتا پائے جانے کی ابھی تک کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے ۔


منگلورو : آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق 

منگلورو یکم / نومبر (ایس او نیوز) کل رات پیش آئے ایک المناک حادثہ میں آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے ہاریکلا گاوں کا ایک 33 سالہ شادی شدہ شخص جاں بحق ہوگیا  جس کی شناخت عبدالرحمان کے طور پر کی گئی ہے ۔

بتایا جاتا ہے کہ عبدالرحمان ایک قلی پیشہ مزدور تھا ۔ اس نے ایک گائے پال رکھی تھی ۔ کل شام پونے سات بجے کے قریب کھیتوں میں چرنے کے لئے گئی گائے کو وہ واپس اپنے گھر کی طرف ہانک کر لارہا تھا ۔ جب اپنے گھر کے پاس پہنچا تو آسمان سے بجلی کڑکی اور عبدالرحمان اس کے زد میں آگیا ۔ فوراً اسے ہاسپٹل لے جانے کی کوشش کی گئی مگر اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا ۔

پتہ چلا ہے کہ مرحوم کے دو بچے ہیں جن میں سے ایک کی عمر3سال اور دوسرے کی محض چالیس دن ہے ۔ چونکہ وہ گھر کا کمانے والا ایک ہی فرد تھا اس وجہ سے اس کے بیوی بچے انتہائی افسوسناک اور بے بسی کی حالت میں آگئے ہیں ۔ 


Share: